حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں، پولنگ آج گلگت بلتستان اسمبلی ہال میں ہونی تھی۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے چار ارکان نے اس عہدے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، امیدواروں میں گلبر خان، راجہ اعظم خان، جاوید علی منوا اور راجہ محمد زکریا شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے ووٹنگ کا آغاز دوپہر 12 بجے ہوا جس کے دوران حاجی گلبر خان نے 20 میں سے 19 ووٹ حاصل کیے۔
تاہم گلگت بلتستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ کے 10 ارکان نے رات گئے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔
چیف منسٹر کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والے ارکان نے الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھی اراکین اسمبلی کروڑوں روپے کی اسکیموں کا لالچ دے رہے ہیں۔
مزید برآں، انہوں نے دعوی کیا کہ جو لوگ ان اسکیموں کی حمایت نہیں کرتے تھے انہیں گرفتاریوں اور مقدمات کی دھمکیاں دی گئیں۔