جمعرات کی صبح کاروباری دن کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ تیزی کے ساتھ کھل گئی ہے، جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی اچانک 2 روپے 48 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز جمعرات کی صبح 300 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہوا، کے ایس ای 100 انڈیکس 45 ہزار 800 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
دریں اثناء آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے معاہدے کو حتمی شکل دیتے ہی پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر جمع کرائے۔
مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید کمی کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 275 روپے کی سطح پر پہنچ گیا، تاہم تھوڑی دیر بعد ہی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 1.48 روپے کی کمی ہوئی اور اس کی قیمت 276 روپے ہوگئی۔
ایکسچینج ریٹ میں مزید اتار چڑھاؤ کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 98 پیسے کی کمی ہوئی اور یہ 275 روپے 50 پیسے پر آگئی۔
ایک موقع پر انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 3 روپے کی کمی دیکھی گئی۔
دن بھر ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور روپیہ 2.38 روپے کے ساتھ بحالی کی راہ پر گامزن دکھائی دیا۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 275 روپے 10 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے، اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان ہے اور ڈالر 2 روپے کی کمی سے 279 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔