اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالر جمع کرادیے ہیں۔
یہ اعلان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب کے دوران کیا گیا، جہاں اسحاق ڈار نے اس مشکل معاشی دور کے دوران غیر متزلزل حمایت پر وزیر اعظم، آرمی چیف اور سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بتدریج مستحکم ہو رہی ہے اور سعودی عرب سے فنڈز کی اس سرمایہ کاری سے ملک کے مالی امکانات میں مزید بہتری آئے گی۔