سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 16 جولائی سے گال میں شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اسکواڈ کا باضابطہ اعلان وزیر کھیل سے منظوری ملنے کے بعد کیا جائے گا۔
رمیش مینڈس اور پرباتھ جے سوریا اسپن اٹیک کی قیادت کریں گے کیونکہ سلیکٹرز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر لاستھ ایمبولڈینیا کو باہر کرنے اور ان کی جگہ پروین جے وکرما کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسکواڈ میں تین فاسٹ بولرز آسیتا فرنینڈو، وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا شامل ہیں۔ تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وقت ڈینگی بخار سے صحت یاب ہونے والی آسیتھا صرف دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے، ان کی غیر موجودگی میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز دلشان مدوشنکا ان کی جگہ لیں گے۔
بیٹنگ لائن اپ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جنہوں نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں حصہ لیا تھا، جس کا مطلب ہے کہ پاتھم نسانکا اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سلیکٹرز نے کپتان دیموتھ کرونارتنے کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کرنے کے لئے نشان مدوشکا کا انتخاب کیا ہے۔
براہ مہربانی نوٹ کریں کہ ذیل میں بیان کردہ سری لنکا ٹیسٹ اسکواڈ وزیر کھیل کی منظوری سے مشروط ہے۔
ٹیم میں دیموتھ کرونارتنے (کپتان)، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، کامیندو مینڈس، نشان مدوشکا(وکٹ کیپر)، سدیرا سماراوکرما، رمیش مینڈس، پرباتھ جے سوریا، لکشتھا مانسنگے، پروین جے وکرما، اسیتھا فرنینڈو/ دلشان مدوشکا، وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا شامل ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کو سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچ گئی ہے اور پیر کو ہمبنٹوٹا جائے گی جہاں وہ 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔