پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک تحریک تھی اور اب اس کی ضرورت نہیں ہے۔
پشاور میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پی ٹی آئی کی حکومت کا مقابلہ کرنے اور عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بنائی گئی تھی، تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ اب جب پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو چکی ہے تو پی ڈی ایم کے کردار کی ضرورت نہیں رہی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ مسلم لیگ (ن) نے حال ہی میں دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بارے میں پی ڈی ایم کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات اچانک نہیں بلکہ منصوبہ بند تھی اس لیے سب کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے اور جلد ہی مرکز، سندھ اور بلوچستان میں نگران حکومتیں قائم ہوں گی۔