آئی ایس پی آر کے مطابق میجر میاں عبداللہ شاہ ضلع خیبر کے علاقے شاخس میں کلیئرنس آپریشن کے دوران شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں واقع شاخس کے عام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاعات کے جواب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران جب سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے بلاکنگ پوزیشنیں قائم کر رہی تھیں تو سامنے سے آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر عبداللہ شاہ کو دہشت گردوں کا ایک گروہ نظر آیا۔
کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے قوم کے بہادر بیٹے 33 سالہ میجر میاں عبداللہ شاہ نے فائرنگ کے شدید تبادلے میں بہادری سے مقابلہ کیا لیکن افسوسناک طور پر جام شہادت نوش کیا۔
آپریشن کے نتیجے میں تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کی باقی موجودگی کو ختم کرنے کے لئے فی الحال علاقے کو صاف کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور میجر میاں عبداللہ شاہ جیسے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس مشن میں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔