وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، امین الحق، خرم دستگیر، اسرار ترین، طارق بشیر چیمہ اور احسن اقبال بھی شریک ہیں۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے علاوہ وفاقی سیکرٹریز اور صوبائی چیف سیکرٹریز بھی موجود ہیں۔
ایپکس کمیٹی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
اجلاس میں عملدرآمد کمیٹی کے دو اجلاسوں میں پیش کی گئی سفارشات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے رواں ماہ بیرونی ممالک سے وفود کی آمد کا امکان ہے جبکہ اپیکس کمیٹی کی جانب سے وفود کی آمد اور سہولت کاری کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت ی کونسل کی مدد سے فوری طور پر ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی اپنی ساخت کے لحاظ سے معیشت کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لئے فیصلہ سازی کے ایک اعلیٰ فورم کے طور پر کام کرے گا۔