پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے اپنی فٹنس کے ساتھ ساتھ میڈیا اور شائقین کے جذبات کے حوالے سے بھی دو ٹوک تبصرے کیے ہیں۔
ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے حوالے سے جوش و خروش کا اعتراف کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا ماننا ہے کہ توجہ صرف اس ایک میچ پر نہیں ہونی چاہیے، اس کے بجائے، وہ ٹیم کو مجموعی طور پر ورلڈ کپ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
ایک مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں صرف بھارت اور پاکستان کے میچ پر توجہ مرکوز کرنا بند کر دینا چاہیے کیونکہ یہ صرف ایک میچ ہے، ہمیں اپنے خیالات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کہ ورلڈ کپ کیسے جیتا جائے اور ایک ٹیم کے طور پر یہ ہمارا مقصد ہوگا۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے شاہد آفریدی نے گھٹنے کی انجری سے پیدا ہونے والے خدشات کا ذکر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ تقریبا ایک سال قبل سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا جب وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ کافی عرصے کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
تاہم شاہین آفریدی نے اپنی میچ فٹنس کے حوالے سے خدشات کی سرزنش کی اور اعتماد کے ساتھ کہا کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں ٹیسٹ ٹیم میں واپس آیا ہوں، اگر میں مکمل طور پر فٹ نہ ہوتا تو میرا نام اسکواڈ میں نہ ہوتا۔