پاکستان کے کرکٹرز نے جاری ویٹلٹی بلاسٹ 2023 میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے شو چرا لیا ہے۔
سسیکس کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بلے اور گیند دونوں سے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 میچوں میں 240 رنز اسکور کیے ہیں جن میں 144.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ 9.33 کے اکانومی ریٹ سے 12 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
حیدر علی ڈربی شائر کی جانب سے اہم بلے باز رہے ہیں، جنہوں نے 137.86 کے اسٹرائیک ریٹ سے 335 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
تاہم یارکشائر کے کپتان شان مسعود اب تک معیار کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ہیں اور انہوں نے 11 میچوں میں 124.34 کے اسٹرائیک ریٹ سے 189 رنز بنائے ہیں۔
باؤلرز میں ڈربی شائر کے فاسٹ بولر زمان خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 میچوں میں 8.28 کے اکانومی ریٹ سے 25 وکٹیں حاصل کیں اور اس وقت وہ رواں ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بھی ہیں۔
شاہین آفریدی ناٹنگھم شائر کی جانب سے 14 میچوں میں 8.40 کے اکانومی ریٹ سے 22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں، اسامہ میر نے ووسٹرشائر کی جانب سے 10 میچوں میں 7.52 کی اوسط سے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
لیسٹر شائر کے نسیم شاہ نے 7.36 کے اکانومی ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے پانچ میچوں میں چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
گلوسٹرشائر کے اسپنر ظفر گوہر نے 9 میچوں میں 7.44 کے اکانومی ریٹ سے صرف 7 وکٹیں حاصل کیں۔
حال ہی میں ناٹنگھم شائر میں شامل ہونے والے عماد وسیم نے 7.81 کے اکانومی ریٹ سے صرف دو میچوں میں دو وکٹیں حاصل کرکے اثر ڈالا ہے۔