آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہوشاب کے علاقے بلور میں سیکیورٹی گشت کے دوران 2 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات اور ہوشاب کے علاقے میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جب فرار کے راستوں کو کاٹنے کے لئے چوکیوں کو بند کرنے کا کام جاری تھا ، دہشت گردوں کے ایک گروہ نے گشت میں گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہوگئے جب کہ ایک اور فوجی زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنرل ایریا کلاچی میں کیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا, مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔