بلوچستان کے شہر چمن کی سب جیل پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک قیدی جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
تاج روڈ پر واقع سب جیل پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا اور گھناؤنے جرائم میں سزا پانے والے 17 قیدی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں اور قیدیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش میں ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح پولیس اہلکار تاج روڈ پر واقع پولیس سب جیل کی بیرک نمبر چار میں نماز کے لیے لاک اپ کے دروازے کھول رہے تھے جب قیدیوں نے پولیس اہلکار پر حملہ کردیا۔
ملزمان نے اہلکاروں سے اسلحہ اور چابیاں چھین لیں۔ انہوں نے لاک اپ اور بعد میں مین گیٹ کے تالے پر بھی فائرنگ کی اور جیل کے باقی تالے بھی توڑ دیے۔
مزاحمت پر قیدیوں نے ایک پولیس افسر پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ جوابی کارروائی میں ایک مشتبہ شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جب کہ سنگین مقدمات میں نامزد 17 قیدی فرار ہوگئے۔