وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ٰ عالم اسلام کی دعاؤں اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس مقدس دن حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل نے اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے قربانی کی لازوال مثال پیش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قربانی کوئی رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے، قربانی صرف جانور ذبح کرنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اعلی مقاصد کے حصول کے لئے خدا کی راہ میں اپنی جان قربان کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں قربانی کا جذبہ نہ ہو۔
دریں اثنا اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کا خاص خیال رکھیں جو پچھلے سال کے سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف نے عالم اسلام کے امن و خوشحالی اور دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے دعا کی۔
قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحی فرمانبرداری کی ایک شاندار علامت ہے کیونکہ اس دن مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد مناتے ہیں جب انہیں خدا نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کا حکم دیا تھا جس نے فرمانبرداری اور قربانی کی ایک ایسی ابدی روایت قائم کی جس پر آخر وقت تک عمل کیا جاتا رہا۔
قربانی کے اس جذبے کو عالمگیر حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں قربانی کا جذبہ نہ ہو۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ہمیں اپنے تمام مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت ڈالنا چاہیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں پر قابو پائیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔ یہ ملک لازوال قربانیوں، رواداری اور استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا۔