بھارت اس سال کے آخر میں ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کے لئے تیار ہے، اور شائقین ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھارت میں شیڈول ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے تصدیق کا انتظار کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف اپنے میچز کے لیے وینیو تبدیل کرنے کی عجیب درخواست کی ہے۔
آئی سی سی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میچ کا حتمی ڈرافٹ تمام شریک ممالک کو بھیجا گیا تھا تاہم پاکستان نے آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف میچوں کے لیے وینیو کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اس درخواست کی کوئی معقول وجہ تو نہیں بتائی لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہر کھیل میں فیورٹ کے طور پر کھیلنا چاہتے ہیں۔
تجربہ کار بھارتی اسپنر روی چندرن اشون نے پاکستان کے غیر معمولی مطالبے کا جواب دے دیا ہے، ایک حالیہ یوٹیوب ویڈیو میں اشون نے شک ظاہر کیا کہ آئی سی سی اس درخواست کو قبول کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے درخواستی خط میں ہی کہا ہے کہ چنئی میں حالات افغانستان کے حق میں ہوں گے، لہٰذا مقامات تبدیل کرنے سے یہ پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، مجھے شک ہے کہ آئی سی سی اس درخواست پر توجہ دے گا۔
اشون نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیا ہوتا تو مقامات کو تبدیل کیا جاسکتا تھا، جیسا کہ 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کیا گیا تھا جب بھارت اور پاکستان کا میچ دھرم شالا سے کولکتہ منتقل کیا گیا تھا۔