کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سندھ میں ملوں کو 32 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت نے ای سی سی کو سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 12 جون سے 60 دن کے اندر 32 ہزار میٹرک ٹن چینی کا بقیہ کوٹہ برآمد کرنے کی اجازت دینے کو کہا ہے۔
وفاقی حکومت نے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی جو پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں میں تقسیم کی جانی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ میں مقدمے کی وجہ سے سندھ میں شوگر ملوں کے لیے ایکسپورٹ کوٹہ کی تقسیم روک دی گئی تھی۔
تاہم، سندھ ہائی کورٹ نے 9-03-2023 کے اپنے حکم میں کین کمشنر سندھ کی جانب سے 32 شوگر ملوں کو 80،000 میٹرک ٹن کے کل مختص کوٹے میں سے 48،000 میٹرک ٹن مختص کرنے کی اجازت دی۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) نے وزارت سے رابطہ کیا تھا کہ بقیہ 2861 میٹرک ٹن چینی ملوں کو برآمد کرنے کی اجازت دی جائے جو ادائیگیاں تو کرتی تھیں لیکن مقررہ وقت میں برآمد نہیں کرسکیں۔
کابینہ کی ای سی سی نے 21-06-2023 کو اپنے اجلاس میں 15-07-2023 تک چینی کوٹے کی بقیہ مقدار برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔