زمبابوے کرکٹ نے ٹی 10 گلوبل اسپورٹس اور لاہور قلندرز کے ساتھ شراکت داری کے بارے میں ایک دلچسپ اعلان کیا ہے جس کا مقصد ابھرتے ہوئے کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش اور پروان چڑھانا ہے۔
اس سنگ میل تعاون کے تحت زمبابوے کرکٹ زمبابوے کے اندر اپنا پہلا پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) شروع کرے گا، جس کا مقصد ایسے ہونہار کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے جو مستقبل میں کرکٹ اسٹار بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس پروگرام میں ٹرائلز شامل ہوں گے جو زمبابوے میں خواہش مند کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور افتتاحی زیم افرو ٹی 10 لیگ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کریں گے۔
اس لیگ میں قلندرز نے ایک فرنچائز بھی حاصل کرلی ہے جس سے ڈربن قلندرز لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے لیے اپنی ٹیم بن گئی ہے۔
اس لیگ میں پانچ نجی ملکیت والی ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں ہرارے ہریکینز، ڈربن قلندرز، کیپ ٹاؤن سیمپ آرمی، بولاوایو بریوز اور جوبرگ لائنز شامل ہیں۔
زیم افرو ٹی 10 ٹورنامنٹ 20 جولائی سے شروع ہوگا، جس کا گرینڈ فائنل 29 جولائی کو ہوگا اور تمام میچز ہرارے میں ہوں گے۔
پلیئر ڈرافٹ 2 جولائی کو ہرارے میں منعقد ہونے والی ایک عظیم الشان تقریب میں ہوگا۔
ٹی 10 گلوبل اسپورٹس زمبابوے کرکٹ اور لاہور قلندرز کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ٹرائلز پر آسانی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور منتخب کھلاڑیوں کو ان کے سفر کے دوران جامع معاونت فراہم کی جاسکے۔
لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمین رانا نے ٹی 10 گلوبل اسپورٹس اور زمبابوے کرکٹ کے ساتھ مل کر غیر معمولی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹی 10 گلوبل اسپورٹس اور زمبابوے کرکٹ کے ساتھ مل کر غیر معمولی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لاہور قلندرز ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کو پروان چڑھانے اور انہیں کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم رہی ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس تعاون سے زمبابوے کے خواہشمند کرکٹرز کے لیے اعلیٰ سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی واضح راہ ہموار ہوگی کیونکہ ہماری پی ڈی پی شاہین آفریدی، فخر زمان، حارث رؤف اور زمان خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کر چکی ہے۔
زیم افرو ٹی 10 میں شرکت کے علاوہ لاہور قلندرز نے اس سے قبل کینیڈا میں گلوبل ٹی 20 (جی ٹی 20) کے لیے ٹورنٹو نیشنلز کے ساتھ شراکت داری کی تھی۔
پی ایس ایل کی موجودہ چیمپیئن ٹیم عاقب جاوید کی سربراہی میں اپنا کوچنگ اسٹاف کینیڈین فرنچائز کو دے گی۔
عاقب کے علاوہ کل وقتی بولنگ کوچ وقاص احمد، فیلڈنگ کوچ شہزاد بٹ اور پرفارمنس تجزیہ کار نبیل ایجر پیس بھی ٹورنٹو نیشنلز کا حصہ ہوں گے۔