اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے پیرس میں نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ کے موقع پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
27 مئی 2023 کو اپنی حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جارجیوا کو پاکستان کے معاشی نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے معاشی ترقی اور استحکام کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزہ کے لئے تمام پیشگی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے ای ایف ایف کے تحت مختص فنڈز جلد از جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے معاشی استحکام کے لئے پاکستان کی جاری کوششوں کو تقویت ملے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے جاری جائزہ عمل پر اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا، اجلاس نے اس تناظر میں پیش رفت کا جائزہ لینے کا ایک مفید موقع فراہم کیا۔
دریں اثناء وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ شیری رحمٰن۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات عائشہ غوث پاشا ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد بھی موجود تھے۔