اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر فرانس روانہ ہو گئے۔
اپنے دورے کے دوران وہ پیرس میں منعقد ہونے والے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت کریں گے۔
یہ سربراہی اجلاس رہنماؤں کے لئے ایک نئے عالمی ڈھانچے کے خدوخال پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک موقع ثابت ہوگا جو پائیدار ترقی، ماحولیات، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے ایجنڈے کی مالی اعانت کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر اعظم جی 77 کے سرکردہ اسٹیک ہولڈر اور آب و ہوا کی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے سب سے بڑے ترقی پذیر ممالک میں سے ایک کے سربراہ کی حیثیت سے سمٹ سے خطاب کریں گے۔
وہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی فنانس، گرین انفراسٹرکچر، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور قرضوں سے متعلق حل کے لیے پاکستان کا نقطہ نظر اور تجاویز پیش کریں گے۔
وہ سمٹ کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔