پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا وارم اپ میچ افغانستان کے خلاف کھیلنے کا خواہاں نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے وارم اپ مقابلے کے لیے ایشین ریجن سے باہر کی ٹیم لینے کو ترجیح دی ہے، کیونکہ ورلڈ کپ سے قبل 2023 کے ایشیا کپ میں ان کا مقابلہ پہلے ہی افغانستان سے متوقع ہے۔
نتیجتا پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنا موقف بتا دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان اور آسٹریلیا کے خلاف میچوں کے لیے مقامات تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے.
انہوں نے خاص طور پر درخواست کی کہ آسٹریلیا کے خلاف ان کا میچ چنئی اور افغانستان کے خلاف ان کا میچ بنگلورو منتقل کیا جائے۔
پی سی بی کی تشویش اس حقیقت سے پیدا ہوئی کہ چنئی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے جو افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کے لیے چیلنج بن سکتی ہے، چونکہ افغانستان کے پاس ماہر سست گیند باز موجود ہیں اس لیے پاکستان کو چنئی میں ان کے ساتھ کھیلنے کا خدشہ تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق ان خدشات کے باوجود بی سی سی آئی ثابت قدم رہا اور پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی سے کی گئی درخواستوں کو مسترد کردیا، ہندوستانی کرکٹ کی گورننگ باڈی مجوزہ شیڈول میں کوئی تبدیلی کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔