احمد شہزاد نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ دو اسپنرز اسامہ میر اور ابرار احمد 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کو دیگر ٹیموں پر نمایاں برتری دلا سکتے ہیں۔
احمد شہزاد کے مشاہدات بھارت کے حالات پر مرکوز ہیں، جہاں اکثر بیٹنگ کے لیے سازگار پچوں کا سامنا ہوتا ہے۔
احمد شہزاد کے مطابق اسامہ کی ایک انوکھی خصوصیت ہے جو انہیں دیگر اسپنرز سے ممتاز کرتی ہے، ان کا قد، یہ جسمانی فائدہ میر کو پچوں سے اضافی باؤنس نکالنے کے قابل بناتا ہے، جو بھارتی کنڈیشنز میں انتہائی مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔
احمد شہزاد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ کھلاڑی ہیں جو مجھے ذاتی طور پر پسند ہیں، اسامہ میر ان میں سے ایک ہیں، بھارت میں جہاں بیٹنگ کے لیے سازگار پچز ہیں وہاں ہم نے دیکھا ہے کہ ان کا قد اتنا بلند ہے جس سے انہیں باؤنس حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے جو دیگر اسپنرز نہیں کر سکتے لہٰذا اسامہ موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔
اسامہ میر اس وقت جاری ٹی 20 بلاسٹ میں ووسٹرشائر کی نمائندگی کر رہے ہیں، اور انہوں نے 5 میچوں میں 10.2 کی اوسط اور 6.1 کے اکانومی ریٹ سے 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ احمد شہزاد نے ابرار احمد کی ‘پراسرار باؤلر’ کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ابرار احمد کی بات کی جائے تو وہ پراسرار باؤلر ہے، یہ دونوں باؤلرز بھارتی کنڈیشنز میں پاکستانی ٹیم کو برتری دے سکتے ہیں۔