پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ سے کراچی، ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں کو خطرہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ سمندری طوفان کی پیشِ نظر چوکس ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اٹھا رہی ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام خصوصاً ساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں، پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہری بھی ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ماحول معمول پر آنے تک ماہیگیر آئندہ چند دنوں کے لیے کھلے سمندر میں بلکل بھی نہ جائیں، طوفانی بارش کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی قدرتی آفت کے ممکنہ نقصان سے بچنے کا راستہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں، ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں موجود اور عوام سے رابطے میں رہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سکھ ہوں یا دکھ، عوام کے ساتھ ہے، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ پاکستان کے ہر کونے اور ہر پاکستانی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔