لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال کے آخر میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل دو طرفہ ون ڈے اور تین ملکی سیریز کے حوالے سے تجاویز پیش کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ کی گورننگ باڈی نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سے رابطے شروع کردیے ہیں اور انہیں اگست میں پاکستان آنے اور دو طرفہ یا سہ ملکی سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے۔
چاروں کرکٹ بورڈز کو بھیجے گئے ای میل میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ سیریز مہمان ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ سے قبل برصغیر کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ہوگی۔
پی سی بی چاہتا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل اس کے کھلاڑیوں کو تین یا پانچ ون ڈے میچز ملیں۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا ہے کہ ان کا مقصد ٹیم کو تمام فارمیٹس میں سرفہرست ٹیم بنانا، رواں سال ورلڈ کپ جیتنا اور اگلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں حصہ لینا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے ہر شعبے میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور اہداف کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ مزید میچز کے انتظامات کا کام پی سی بی کا ہے اور انہوں نے اس حوالے سے پی سی بی کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
این سی اے میں جاری خصوصی کیمپ بھی موضوع بحث رہا۔ انہوں نے اسے کھلاڑیوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک بہترین موقع قرار دیا۔
کیمپ میں اسپنرز پر توجہ مرکوز کی گئی اور بریڈبرن نے باصلاحیت اسپنرز کی پرورش اور بلے بازوں کو ان کا سامنا کرنے کا موقع فراہم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
عابد علی کی کیمپ میں شرکت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بریڈبرن نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھا کرکٹر ہے جس کی ٹیسٹ اوسط اچھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عابد فٹ دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنی ممکنہ واپسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ کے بارے میں پوچھے جانے پر بریڈبرن نے کہا کہ وہ اب بھی ان کے منصوبوں کا حصہ ہیں اور واپسی کر سکتے ہیں۔