آئی سی سی کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ اور ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے ممالک کو شیڈول جاری کردیا گیا ہے، یہ ایونٹ اس سال اکتوبر میں منعقد ہونے والا ہے۔
اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتا ہے تو توقع ہے کہ وہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم، بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم اور کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں میچ کھیلے گا۔
آئی سی سی نے بی سی سی آئی اور تمام شریک ممالک کے ساتھ عارضی شیڈول شیئر کیا ہے اور ٹورنامنٹ کے لئے ان کی رائے طلب کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا، پاکستان ممکنہ طور پر احمد آباد میں دو کوالیفائر ٹیموں کے خلاف کھیلے گا جبکہ بھارت حیدرآباد میں کھیلے گا۔
گرین شرٹس ممکنہ طور پر بنگلور میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوں گے، دریں اثناء چنئی میں اس کے افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے کی توقع ہے، کولکتہ میں ممکنہ طور پر وہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف ایکشن میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم نو لیگ میچ کھیلے گی، دریں اثنا اطلاعات کے مطابق آئی سی سی کا شیڈول رواں ہفتے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔