پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلرڈائس کو آگاہ کیا ہے کہ گرین شرٹس ورلڈ کپ کے میچز احمد آباد میں نہیں کھیلیں گے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے پی سی بی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نجم سیٹھی نے آئی سی سی پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے دوران احمد آباد میں اس وقت تک نہیں کھیلے گا جب تک کہ یہ فائنل نہ ہو۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نجم سیٹھی نے بارکلے اور ایلرڈائس کو آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ اس کے میچز احمد آباد میں شیڈول ہوں جب تک کہ یہ فائنل کی طرح ناک آؤٹ میچ نہ ہو۔
انہوں نے آئی سی سی سے درخواست کی کہ اگر قومی ٹیم کو اکتوبر اور نومبر میں شیڈول عالمی ایونٹ کے لئے حکومت سے ہندوستان جانے کی اجازت مل جاتی ہے تو وہ اپنے میچز چنئی، بنگلور اور کولکتہ میں شیڈول کریں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول کرنا چاہتا ہے, تاہم پی سی بی کو اس مقام کے حوالے سے تحفظات ہیں۔
آئی سی سی کے سربراہان نے گزشتہ ہفتے نجم سیٹھی سے ملاقات کے لیے لاہور کا دورہ کیا تھا, وطن واپسی پر انہوں نے پاکستان کو کھیلوں کے لیے پرامن ملک قرار دیا اور 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مزید برآں آئی سی سی وفد نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے پاکستان سے رواں سال اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے یقین دہانی مانگی۔
بھارت کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے پاکستان جانے سے انکار کے بعد اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ پاکستان بھی 50 اوورز کے فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے پڑوسی ملک نہیں جائے گا۔ ایشیا کپ سے متعلق فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔