بھارت میں تین ٹرینوں کے حادثے میں 275 افراد کی ہلاکت کے پانچ روز بعد بھی 100 کے قریب لاشیں لاوارث ہیں۔
ریاست اوڈیشہ میں جمعہ کی شام کو پیش آنے والے اس حادثے میں دو مسافر ٹرینیں اور ایک کھڑی مال گاڑی شامل تھی، یہ حادثہ رواں صدی میں بھارت کا بدترین ریل حادثہ ہے۔
ایک ہزار سے زائد زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، بہت سے خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں ہیں۔
اس حادثے میں ایک مسافر ٹرین غلطی سے مین لائن کے کنارے ایک لوپ ٹریک میں داخل ہونے اور وہاں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرانے کے بعد پٹری سے اتر گئی۔
اس کے بعد اس کی پٹری سے اترنے والی بوگیاں مخالف سمت میں جانے والی دوسری مسافر ٹرین کی پچھلی بوگیوں سے ٹکرا گئیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ دونوں ٹرینوں میں تین ہزار سے زائد مسافر سفر کر رہے تھے اور اطلاعات کے مطابق دونوں ٹرینیں بھری ہوئی تھیں۔
اوڈیشہ اور دیگر ریاستوں سے آنے والے مسافروں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے اسپتالوں میں بھیڑ لگا رہے ہیں، لیکن کچھ معاملات میں، لاش کی شناخت کرنا ایک حقیقی چیلنج ثابت ہو رہا ہے.