لندن: انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر غور کر رہے ہیں کیونکہ اسپنر جیک لیچ کمر کے نچلے حصے میں فریکچر کی وجہ سے باہر ہوگئے ہیں۔
ستمبر 2021 میں کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے 35 سالہ بلے باز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور کوچ برینڈن میک کولم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ممکنہ واپسی کے بارے میں رابطہ کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ معین علی جو 2021 اور 2023 انڈین پریمیئر لیگ جیتنے والی چنئی سپر کنگز کی ٹیم کا حصہ تھے، کو فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت دیا گیا ہے۔
معین علی نے 2014 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 64 ٹیسٹ میچوں میں 28.29 کی اوسط سے 2914 رنز بنائے اور اپنی آف اسپن سے 195 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی ٹیم لیچ کے متبادل کی تلاش میں ہے جن کی انجری سیریز سے قبل ان کے بولنگ ڈپارٹمنٹ کے لیے تازہ ترین دھچکا تھی جبکہ فاسٹ بولر جوفرا آرچر بھی کوہنی کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔
ایشز سیریز 16 جون سے ایجبسٹن میں شروع ہوگی۔