پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے اگلے سال ہوم گراؤنڈ پر مین ان گرین کے خلاف وائٹ بال سیریز کی تجویز قبول کرلی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ پاکستان کو پیشکش کی تھی کہ وہ 2024 میں آسٹریلیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرے، جس میں 5 ٹی 20 یا 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز مجوزہ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز جنوری کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوسکتی ہے، کیونکہ فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل پاکستان کے پاس کافی وقت ہے۔
نیوزی لینڈ نے جنوری 2024 میں پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے اختتام کے بعد سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے، واضح رہے کہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 7 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی۔
آخری مرتبہ مین ان گرین نے نیوزی لینڈ کا دورہ قومی ٹیم، میزبان ٹیم اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ فریقی سیریز کے لیے کیا تھا جو گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہوئی تھی۔
بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم نے فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی۔
اس کے بعد سے کیویز دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، پہلا دسمبر 2021 کے آخر میں شروع ہونے والی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے اور دوسرا اپریل میں ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے۔
دسمبر میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ڈرا ہوئی تھی جبکہ مہمان ٹیم نے ون ڈے میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی جس میں سے ایک میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جبکہ میزبان ٹیم نے گزشتہ ماہ ون ڈے سیریز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔