یوٹیوب نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے جھوٹے دعووں والی ویڈیوز کو ہٹانا بند کر دے گا۔
2024 کے انتخابات سے قبل یہ اقدام 2020 کے انتخابات کے بعد نافذ کی گئی اس کی پالیسی کے برعکس ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ انتخابات کی صداقت پر سوال اٹھانے والی ہزاروں ویڈیوز حذف کردی ہیں لیکن اب اس کا ازسرنو جائزہ لینے کا وقت آگیا ہے، اس پالیسی کا اطلاق 2 جون سے ہوگا۔
یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 2016 کے انتخابات کے بعد سے سیاسی غلط معلومات سے بچنے کے لئے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گوگل کی ملکیت والے پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی آج کے بدلتے ہوئے منظرنامے کی وجہ سے نافذ کی جا رہی ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ ماحول میں ہم دیکھتے ہیں کہ اگرچہ اس مواد کو ہٹانے سے کچھ غلط معلومات کو روکا جاسکتا ہے، لیکن اس سے تشدد یا دیگر حقیقی دنیا کے نقصان کے خطرے کو معنی خیز طور پر کم کیے بغیر سیاسی تقریر کو محدود کرنے کا غیر ارادی اثر بھی ہوسکتا ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ 2024 کے انتخابات سے قبل اپنی پالیسیوں میں تبدیلیاں جاری رکھے گا، لیکن اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ پالیسی میں تبدیلی کی وجہ کیا ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ وہ دیگر انتخابی غلط معلومات کی پالیسیوں کو نافذ کرنا جاری رکھے گی، مثال کے طور پر، ایسی ویڈیوز جن میں ووٹ ڈالنے کے بارے میں گمراہ کن ہدایات شامل ہیں۔