بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے اڈیشہ ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں سیکڑوں افراد ہلاک اور 900 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
ایک ٹویٹ میں ویرات کوہلی نے کہا، اوڈیشہ میں ہوئے المناک ٹرین حادثے کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیالات اور دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اوڈیشہ میں خوفناک ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 280 تک پہنچ گئی ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے کیونکہ کئی افراد ابھی بھی ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
یہ حادثہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب شالیمار-چنئی کورومنڈل ایکسپریس پٹری سے اتر گئی اور اس کے بعد ملحقہ پٹری پر ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
تاہم بھارت کے مقامی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق ایک تیسری ٹرین، جسے کارگو ٹرین کہا جاتا ہے، بھی حالیہ دنوں میں ملک میں ہونے والے مہلک ترین ریل حادثے میں ملوث تھی۔
بھارتی حکام نے ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس (او ڈی آر اے ایف)، فائر ڈپارٹمنٹ اور دیگر امدادی ٹیموں کے تعاون سے امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے فوج کو طلب کیا ہے۔