اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈیفالٹ کی بے بنیاد افواہیں پھیلانے پر معاشی تجزیہ کاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کھل کر اعتراف کیا کہ ملک کو جاری سیاسی افراتفری کے نتیجے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیر خزانہ نے عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کو کبھی ڈیفالٹ صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کی مالی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے چیلنجنگ اصلاحات کامیابی سے شروع کی ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی برطرفی کے بعد وہ جانتے تھے کہ ان کے لیے حالات آسان نہیں ہوں گے، پی ڈی ایم نے ملک کی خاطر اپنی سیاست قربان کردی۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران جلد ہی ملک کو دلدل سے نکالیں گے، جیسا کہ انہوں نے 2013 میں کیا تھا۔
انہوں نے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لئے کاروباری برادری کو حکومت کی طرف سے ہر قسم کی حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔