جونیئر ایشیا کپ 2023 کے فائنل میچ میں پاکستان کو اومان کے شہر سلالہ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بهارت کے انگد بار سنگھ کے اسٹرائیک نے 13ویں منٹ میں ان کی ٹیم کو برتری دلانے میں مدد کی، اس کے صرف سات منٹ بعد ارائیجیت سنگھ ہندل نے بهارت کے لئے ایک اور گول کیا اور اپنی ٹیم کو دو گول کی آسانی سے برتری دلائی۔
پاکستان کی جانب سے علی بشارت نے 38ویں منٹ میں شاہد عبدل کے پاس پر گول کیا۔
دوسرے ہاف میں ایک کے بعد ایک حملے کے ساتھ غلبہ حاصل کرنے کے باوجود قومی ٹیم بھارت کے مضبوط دفاع کو نہیں توڑ سکا۔
بھارت نے ایک بھی میچ ہارے بغیر ٹورنامنٹ جیتا جبکہ پاکستان کو واحد شکست فائنل میں ہوئی۔
پاکستان کے عبدالحنان شاہد نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتا جبکہ عبدالرحمٰن ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔
دونوں ٹیمیں 2015 میں ملائیشیا میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں جہاں بھارت نے پاکستان کے خلاف 6-2 کے اسکور لائن کے ساتھ فتح حاصل کی تھی۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے مردوں کے جونیئر ایشیا کپ میں چار ٹائٹل جیتنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس سے قبل وہ 2004، 2008 اور 2015 میں ٹائٹل جیت چکے ہیں جبکہ پاکستان نے 1988، 1992 اور 1996 میں ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو عمان میں ہونے والے ایشیا کپ کے دوران ان کا یومیہ الاؤنس نہیں ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کو روزانہ 100 ڈالر ملنے تھے لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے ایسا نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ٹورنامنٹ کے لیے روانگی سے قبل متعدد بار پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے فنڈز کی درخواست کی تھی۔