احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس کردیا جس میں سابق ایم ڈی پی ایس او سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
نیب نے یہ ریفرنس 2020 میں دائر کیا تھا، گزشتہ سماعت میں عدالت نے ریفرنس کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کی جانب سے دائر درخواست پر ریفرنس واپس نیب کو بھیجنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب ملزم کے وکلا کو سننے کا اختیار نہیں رہا۔
سماعت کے بعد سابق وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے درخواستیں منظور کرلی ہیں اور کیس کہیں اور بھیجا جائے گا کیونکہ یہ پہلے دن سے ان کی درخواست تھی۔
انہوں نے کہا کہ نہ تو نیب آتا ہے اور نہ ہی گواہ آتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ان کا کیس اب نئے چیئرمین نیب کے لیے سوال بن گیا ہے کہ وہ جعلی کیس کیسے حل کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی اس کیس کا فیصلہ سنا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور فوجی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور چیف جسٹس کا کام مشورہ دینا ہے نہ کہ فیصلے کرنا۔