حال ہی میں پارٹی سے دوری اختیار کرنے والے پی ٹی آئی ارکان نے مبینہ طور پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنما جہانگیر ترین سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
پاکپتن سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے احمد شاہ کھگا اور سابق ایم پی اے سعید اکبر نوانی نے مبینہ طور پر لاہور میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور ان کے سیاسی مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں نے نئی پارٹی میں شمولیت پر تبادلہ خیال کیا، جسے جہانگیر ترین مبینہ طور پر لانچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے نئی پارٹی کے لیے مختلف ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے مزید افراد کی جانب سے جہانگیر ترین کے ساتھ وابستگی کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی رہنما سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر امجد نے چند روز قبل ہی پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کی تھی، ملاقات میں ان کے بیٹے نے بھی شرکت کی، فریقین نے سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔
ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی جہانگیر ترین سے فون پر بات چیت کی اور اپنی مزید سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
تاہم بعد ازاں فواد چوہدری نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سیاست سے وقفہ لے لیا ہے۔