پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام آن دی بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
اسٹار جوڑی 31 مئی سے 3 جون تک بوسٹن، میساچوسٹس میں اسکول کے کیمپس میں پروگرام میں حصہ لیں گی، دونوں کرکٹرز 13 جون تک پروگرام کے بعد امریکہ میں مختلف کمیونٹیز کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔
اس سے قبل یہ کورس فٹ بالرز کاکا، ایڈون وان ڈیر سار، جیرارڈ پیکے، اولیور کاہن، این ایف ایل کے برینڈن مارشل، این بی اے کے کرس بوش اور ڈوین ویڈ اور میجر لیگ بیس بال کے ایلکس روڈریگز سمیت دیگر کھلاڑی بھی لے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے باوقار عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا بہت بڑا اعزاز ہے، ہم ہارورڈ میں بی ای ایم ایس پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ فیکلٹی اور پروگرام فیلوز دونوں کے لحاظ سے دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے سفر اور سیکھنے کو ہر ایک کے ساتھ بانٹ سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، اور میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنے سیکھنے اور تجربات کا اشتراک کرنے کا منتظر ہوں۔