لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کردی۔
سابق وزیراعظم نے لاہور کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے سرچ وارنٹ بدنیتی سے حاصل کیے۔
انہوں نے کہا کہ جس کیس میں سرچ وارنٹ جاری کیے گئے اس میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں تھا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ انہوں نے فریقین کو میڈیا کی موجودگی میں تلاشی لینے کی اجازت دی تھی۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 18 مئی کے سرچ وارنٹ کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے، اے ٹی سی نے اس معاملے میں مدعا علیہان کو نوٹس جاری کیے ہیں۔