لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور آتشزنی کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی کو جے آئی ٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جس میں پنجاب پولیس کے 4 افسران بھی شامل ہیں۔
9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیے جانے کے بعد پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
پی ٹی آئی سربراہ کی گرفتاری کے جواب میں ان کی پارٹی کے کارکنوں نے لاہور کور کمانڈر ہاؤس اور میانوالی ایئربیس سمیت ایک درجن فوجی تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی۔
راولپنڈی میں آرمی ہیڈ کوارٹر پر بھی پہلی بار ہجوم نے دھاوا بول دیا، اس کارروائی کی ملک کی سول اور فوجی قیادت نے بڑے پیمانے پر مذمت کی۔
تشدد کے بعد پی ٹی آئی کے ہزاروں حامیوں کو گرفتار کیا گیا تھا جسے پاک فوج اور حکمران اتحاد نے ملکی تاریخ کا ‘سیاہ دن’ قرار دیا تھا۔
اس ہفتے کے اوائل میں ایک فوجی عدالت نے 9 مئی کو کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کی تھی۔