وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی حکومت برآمدات اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں چوتھی بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے ان صنعت کاروں کی تعریف کی جنہوں نے مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی مجموعی برآمدات کا ساٹھ فیصد ٹیکسٹائل سیکٹر سے آتا ہے اور اس شعبے کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن جیسے بین الاقوامی اداروں کی تمام شرائط پر عمل درآمد کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایکسپو کے انعقاد پر وزیر تجارت سید نوید قمر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا جس میں خریداروں سمیت ساٹھ ممالک کے چار سو سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔