لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) الیون 28 مئی کو پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف نمائشی ٹی 10 میچ کھیلے گی۔
یہ میچ نارووال اسپورٹس سٹی میں اربوں روپے کے نارووال اسپورٹس کمپلیکس کے سافٹ لانچ کا حصہ ہے، جس میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، اسکواش، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کے لیے 14 اسٹیڈیم اور جمنازیم موجود ہیں۔
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث رؤف، مرزا طاہر بیگ، جلت خان، احسن بھٹی اور احمد دانیال کے علاوہ فرنچائز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے کرکٹرز شامل ہیں۔
پی سی بی الیون میں کامران اکمل، خوشدل شاہ، محمد الیاس، محمد اخلاق، عباس آفریدی، عابد علی، آصف علی، ساجد خان، علی عمران اور عثمان قادر شامل ہیں۔
اس میچ میں انڈر 19 کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے، ٹی 10 میچ کے انعقاد کا فیصلہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں ملک کو تبدیل کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ کمپلیکس بہترین ترتیب فراہم کرتا ہے اور امید ہے کہ آنے والی نسلوں کو بڑے پیمانے پر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات میچ سے ایک ہفتہ قبل اپنی اشتہاری مہم کا آغاز کرے گی اور تماشائیوں اور کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
توقع ہے کہ شائقین کی ایک بڑی تعداد بہترین دستیاب قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں آئے گی۔