ایشین کرکٹ کونسل نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل قبول کرلیا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کے مطابق پاکستان ایشیا کپ کے چار سے چھ میچوں کی میزبانی اپنے ملک میں کرے گا اور اس کے ساتھ ہی بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔
بی سی سی آئی نے دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی اختلافات کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ براعظم ٹورنامنٹ کو پاکستان سے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے۔
پاکستان زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ کی میزبانی ملک کے اندر کرنا چاہتا ہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اے سی سی نے نجم سیٹھی کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر اصولی طور پر اتفاق کیا تھا اور اس کے لیے کوئی نئی شرائط عائد نہیں کی تھیں جن میں اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت بھی شامل تھی۔
توقع ہے کہ ایشیائی ادارہ آنے والے ہفتوں میں باضابطہ اعلان کرے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش سمیت چھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایک ٹیم کی شناخت کوالیفائرز کے بعد کی جائے گی جو اس وقت نیپال میں جاری ہے۔