نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے 200 کروڑ روپے بھتہ خوری کیس میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
جیکولین کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں آئیفا ایوارڈز میں شرکت کے لیے 25 مئی سے 27 مئی تک ابوظہبی جانا ہوگا اور فلم کی شوٹنگ کے لیے 28 مئی سے 12 جون تک میلان جانا ہوگا۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے خصوصی جج شیلندر ملک نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی، عدالت نے 15 نومبر کو جیکولین کو ضمانت قبل از گرفتاری دے دی تھی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے حال ہی میں اپنی دوسری ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں جیکولین کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، عدالت نے 26 ستمبر کو انہیں گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا تھا۔