بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پر اپنا مؤقف نرم کر دیا ہے۔
پی سی بی اب تک بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک کو غیر جانبدار مقامات پر میچز منعقد کرنے کی تجویز دے چکا ہے۔
تاہم بھارت نے اس ماڈل کے لیے اپنی منظوری کو پاکستان کی جانب سے اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارت کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔
میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی اس معاملے میں اپنا لہجہ نرم کرنے کے لئے تیار ہے، لیکن باضابطہ فیصلہ 27 مئی کو اس کی خصوصی جنرل میٹنگ کے بعد ہی لیا جائے گا۔
بھارت کا کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے پر بضد رہا اور تمام میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مشورہ دیا، لیکن پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی کے بعد بھارتی بورڈ نے اپنا موقف تبدیل کر لیا ہے۔
امکان ہے کہ بورڈ بھارتی شہر احمد آباد میں اپنے ایس جی ایم اجلاس کے دوران پاکستان کی تجویز کو قبول کرے گا۔
اس سے قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے پاکستان کو جزوی میزبان کی حیثیت سے منظوری دینے سے انکار کیا تو وہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت نہیں کریں گے۔