کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملے ملک دشمن ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں، فسادات میں ملوث شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں 34ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے سانحے کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا, شہدا کے ساتھ ناانصافی قابل مذمت ہے۔
9 مئی کے سانحے کی تکرار کو روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں قانون اور آئین کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ قوم شہدا کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
نیشنل گیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں اس طرح کے شاندار ایونٹ کے آغاز پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نیشنل گیمز 19 سال بعد کوئٹہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کے دورے کے دوران وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت سے ملاقات کی اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنرمند افراد کو مواقع اور روزگار فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے مقامی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سیلاب کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے۔