بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں ریکارڈ ساتویں سنچری اسکور کرنے کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنے کھیل میں سب سے اوپر محسوس کرتے ہیں اور اپنے کیریئر کی بہترین ٹی 20 کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
اوپنر ویرات کوہلی نے رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے 61 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز بنائے اور اپنی اننگز کے دوران 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
بنگلور کو گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے وہ پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ میری ٹی 20 کرکٹ زوال پذیر ہے، لیکن مجھے ایسا بالکل بھی محسوس نہیں ہوتا۔
ویرات کوہلی نے مسلسل دوسری سنچری بنانے کے بعد کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں ایک بار پھر اپنی بہترین ٹی 20 کرکٹ کھیل رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں صرف لطف اندوز ہو رہا ہوں، اسی طرح میں ٹی 20 کرکٹ کھیلتا ہوں، اگر حالات مجھے اجازت دیتے ہیں تو میں تیز کھیلتا ہوں۔