پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عدلیہ سے متعلق آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے اختیارات پر سوال اٹھائے جانے کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تصدیق کی ہے کہ عدالتی ادارے کے پاس کالوں کو ٹیپ کرنے اور لیک کرنے میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا اختیار ہوگا۔
ایک دن قبل عمران خان نے کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس میں جان بوجھ کر غلطی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نگرانی کرنے والوں کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں کمیشن کے پاس اس بات کی تحقیقات کا اختیار ہوگا کہ کون آڈیو ٹیپ کر رہا ہے اور کون انہیں لیک کر رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے شو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت کے عدلیہ سے متعلق آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے کے بارے میں بات کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا تھا جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل باڈی کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر سول سوسائٹی اور دیگر کی جانب سے آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کے لیے دباؤ تھا، حکومت کو اس معاملے کو سپریم جوڈیشل کونسل میں لے جانے کے لیے مواد کی ضرورت ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مبینہ آڈیو لیکس میں انکشاف ہونے والے جرائم کے لئے پرائیویسی کے استعمال کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا، جرم پرائیویسی کی ڈھال نہیں لے سکتا۔
دریں اثنا، عمران خان نے کمیشن کے آئین کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس کے ٹرمز آف ریفرنس جان بوجھ کر غلطی کا شکار ہیں اور اس بات کا کوئی احتساب نہیں ہے کہ غیر قانونی اور غیر آئینی نگرانی کے پیچھے کون ہے۔