لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 123 کارکنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحق نے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کی جانب سے ان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے دیا۔
سماعت کے دوران فرخ حبیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حراست میں لیے گئے تمام افراد سیاسی کارکن ہیں اور ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
درخواست میں فرخ حبیب کے آبائی شہر فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے 123 کارکنوں کی غیر قانونی حراست کو چیلنج کیا گیا تھا۔
نیب کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے، احتجاج کے دوران متعدد سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
توڑ پھوڑ کے بعد پولیس نے تشدد میں ملوث مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔