ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس وین پر دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ٹانک بنوں روڈ پر واقع مین بازار میں دامان پلازہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پہلے پولیس وین پر دستی بم پھینکا۔
حملے میں شدید زخمی ہونے والے 18 افراد میں پولیس اہلکار جمیل اور عبدالغفار بھی شامل ہیں، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بعد ازاں پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں پر فائرنگ کی، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
کچھ زخمیوں کو تشویشناک حالت اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کی کمی کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے اسپتال کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے واردات سے شواہد اکٹھا کر رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے اور مشتبہ افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔