نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم آج نماز جمعہ کے بعد زمان پارک پہنچے گی۔
حکومتی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومتی ٹیم کے دوپہر 2 بجے کے قریب زمان پارک پہنچنے کا امکان ہے اور وہ پی ٹی آئی کے نمائندوں کے ساتھ زمان پارک سرچ آپریشن پر تبادلہ خیال کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر دونوں فریق اتفاق کرتے ہیں تو 400 پولیس اہلکار تلاشی کا حصہ ہوں گے۔
اجلاس سے قبل لاہور میں مال روڈ اور دھرم پورہ کے درمیان سڑک کو پولیس نے بند کردیا ہے جبکہ زمان پارک کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ نے آج ایک اجلاس کے دوران حکم دیا کہ شرپسندوں کے خلاف درج مقدمات کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور مفرور مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
مزید برآں 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد مظاہروں میں ملوث ملزمان کی تلاش میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہونے والے اجلاس میں کئی دیگر فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے والوں کے لئے نقد انعامات کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔