پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے نیپال میں 8167 میٹر بلند دھولاگیری ون کو کامیابی کے ساتھ سر کرنے کے بعد دنیا کی 14 آٹھ ہزار والی چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین شخص بننے کے اعزاز سے صرف دو قدم پیچھے رہ گئے ہیں۔
شہروز کاشف نے گزشتہ رات اپنی آخری چوٹی کا آغاز کیا اور بدھ کی صبح دھولاگری ون کی چوٹی پر پہنچنے کے بعد ان کے آٹھ ہزار والی کی چوٹیوں کی تعداد 12 ہوگئی۔
21 سالہ وہ اب دنیا کی 8 ہزار میٹر سے زائد کی 12 چوٹیاں سر کرنے والے سب سے کم عمر شخص بن گئے ہیں، اس طرح کی کل 14 چوٹیاں ہیں اور شہروز کو اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مزید دو چوٹیوں چو اویو (نیپال-چین) اور شیشانگما (چین) پر چڑھنا ہے۔
اگر کاشف یہ کارنامہ انجام دیتے ہیں تو وہ نیپال کے منگما ڈیوڈ شیرپا کا ریکارڈ توڑ دیں گے جو اس وقت 8 ہزار میٹر سے زیادہ کی تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے سب سے کم عمر شخص کا اعزاز رکھتے ہیں، نیپالی کوہ پیما نے 30 سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
دھولاگری ون چوٹی کے ساتھ کاشف اس پہاڑ کو سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی بن گئے ہیں، ان سے قبل وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما سرباز علی خان ملک کے واحد کوہ پیما تھے، جنہوں نے 8167 میٹر بلند چوٹی سر کی تھی۔
اس کے علاوہ کاشف برطانیہ کی ایڈریانا براؤنلی کے بعد دھولاگری ون کو سر کرنے والے دنیا کے دوسرے کم عمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
براؤنلی 20 سال اور 10 ماہ کی تھیں جب انہوں نے 2021 میں ساتویں سب سے اونچی چوٹی کو سر کیا تھا۔
17 سال کی عمر میں 8051 میٹر بلند براڈ چوٹی سر کرنے کے کارنامے پر براڈ بوائے کے نام سے مشہور کاشف کے پاس 8،000 میٹر سے زیادہ کی متعدد چوٹیوں کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا ریکارڈ ہے جن میں کے 2 اور کنگچن جنگا شامل ہیں۔
جولائی 2019 میں براڈ پیک کو سر کرنے کے بعد نوجوان کوہ پیما نے 2021 میں 19 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا۔
اسی سال وہ کے ٹو اور مانسلو کے ٹاپ پر چلے گئے۔ سال 2022 میں کاشف نے کامیابی کے ساتھ کنگچن جنگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گشربروم ون اور گشربروم ٹو کو سر کیا تھا۔
اس سال کے اوائل میں نوجوان کوہ پیما اناپورنا کی چوٹی پر گئے تھے، کوہ پیما نے رواں سال اپریل میں پاکستانی کوہ پیما نیالا کیانی کے ساتھ اناپورنا کو سر کیا تھا۔
تاہم دونوں پاکستانی کوہ پیماؤں کو خراب موسم کی وجہ سے اترنے میں خلل پڑنے کے بعد 8,091 میٹر بلند چوٹی سے بچا لیا گیا۔