کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ موسم گرما میں تین ممالک کی ٹیمیں آسٹریلیا کا دورہ کریں گی جبکہ مردوں کے ٹیسٹ میچز دسمبر اور جنوری میں ہوں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی آسٹریلیا کی مینز ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری تک پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 17 سے 29 جنوری تک دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان کے خلاف سیریز کا آغاز پرتھ میں ہوگا، جس کے بعد میلبورن اور سڈنی میں باکسنگ ڈے اور نئے سال کے روایتی ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے برسبین جائیں گی۔
اگلے سال امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلیا فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی جس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف کئی فارمیٹ کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا اختتام صرف ایک ٹیسٹ میچ پر ہوگا جو کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ ہوگا۔