وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا ایک دھڑا سیاست میں ملوث ہے اور 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ آوروں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں خواجہ آصف نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے سوال و جواب کا سیشن معطل کرنے اور قومی سیاست پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اور پارلیمانی حقوق کا استعمال کرے، انہوں نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے فلور پر یہ ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جج انصاف نہیں دے رہے ہیں، وہ سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے پر افسوس کا اظہار کیا جہاں اس سے قبل صرف تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملہ کیا تھا۔
وزیر دفاع نے تجویز دی کہ پارلیمنٹ سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجے اور اپنا تاریخی کردار ادا کرے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ عدلیہ لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ آوروں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔