پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کا قافلہ کراچی سے وفاقی دارالحکومت کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو ملک بھر میں درج متعدد مقدمات میں ضمانت دینے کے خلاف پی ڈی ایم کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے قافلے کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے علامہ راشد محمود سومرو کراچی سے قافلے کی قیادت کر رہے ہیں، کارکنوں کی ایک بڑی تعداد قافلے کا حصہ ہے، جو آگے حیدرآباد میں رکے گا۔
یہ قافلہ مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے کل صبح اسلام آباد میں داخل ہوگا، جے یو آئی (ف) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے لیے سندھ سے پارٹی کارکنوں کے قافلے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
اجتماع کا مرکزی مقام روہڑی انٹرچینج پر مقرر کیا گیا ہے جہاں کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر سے قافلے جمع ہوں گے اور ایک ساتھ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن سے قافلے ان گروہوں میں شامل ہوں گے جو کراچی سے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے سکھر سے بتایا کہ کراچی سے روانہ ہونے والا مرکزی قافلہ شام تک یہاں پہنچ جائے گا، روہڑی میں مرکزی قافلے کے کھانے اور رہائش کے انتظامات کیے گئے ہیں۔